ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شمالی ہندوستان میں کڑاکے کی سردی، راجدھانی دہلی میں اگلے دو دنوں تک سرد لہر جاری رہنے کی پیش گوئی

شمالی ہندوستان میں کڑاکے کی سردی، راجدھانی دہلی میں اگلے دو دنوں تک سرد لہر جاری رہنے کی پیش گوئی

Mon, 26 Dec 2022 11:29:20    S.O. News Service

نئی دہلی، 26؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)  دہلی سمیت شمالی ہندوستان میں سرد ہوائیں چلنے اور پارہ گرنے سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں دہلی کا پارہ 4 ڈگری تک گر سکتا ہے، جس کی وجہ سے اتوار اور پیر کو راجدھانی دہلی سردی کی لپیٹ میں رہے گی اور اس دوران آسمان میں شدید دھند چھائی رہ سکتی ہے۔

دہلی کا اتوار کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری جبکہ پیر کو یہ 20 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ اسی طرح 26 دسمبر کو صبح کے وقت شدید دھند اور سردی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دہلی میں اتوار کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 5.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے مطابق کرسمس کے موقع پر دہلی-این سی آر میں آج اور اگلے دن سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ 26 دسمبر کے لیے سردی کی لہر اور دھند کا اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس دوران کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی صبح کے وقت گھنی دھند ایک بار پھر پریشان کرے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 دسمبر سے ہماچل، پنجاب، اتر پردیش، چندی گڑھ اور دہلی میں سردی کی لہر چل سکتی ہے۔ دوسری جانب مغربی راجستھان اور مشرقی راجستھان میں اگلے پانچ دنوں تک شدید سردی کی لہر جاری رہ سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں تک تمل ناڈو، کیرالہ اور لکش دیپ کے ساحلی علاقوں میں مختلف مقامات پر بارش کی وارننگ بھی دی ہے۔


Share: